چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب چمپئن شپ، ربانی کلب نے یازک کو 0-9 گول سے شکست دیدی

385

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ساؤتھ ڈسٹرکٹ ہاکی چمپئن شپ میں ربانی کلب نے یازک ایچ سی کو 0-9 سے بآسانی شکست دیدی۔ دوسرے میچ میں ڈولفن کلب نے پولیس بوائز ایچ سی کو 0-2 سے زیر کرلیا۔ عبدالستار ہاکی کلب اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ربانی کلب اور یازک ایچ سی کے درمیان میچ یکطرفہ ثابت ہوا۔ ربانی کلب نے کھیل کے تمام شعبوں میں مخالف کو چاروں شانے چت کرکے مقابلہ 0-9 سے اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کے کاظم، ثقلین، وجاہت، اور حر عباس نے دو دو جبکہ نوشاد علی نے ایک گول اسکور کرکے برتری مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایمپائرز رئیس اور مزمل نے میچ سپروائز کیا۔ دوسرے میچ میں ڈولفن کلب نے پولیس بوائز ایچ سی کو 0-2 سے شکست دیکر دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو کھیل کے 12 ویں منٹ میں طحہ مزمل اور 15 ویں منٹ میں ایم اجواد سعید کے گول کی مدد سے 2 گول کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے باعث ڈولفن کلب نے 0-2 سے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ میچ سپروائز کرنے کے فرائض عرفان طاہر اور حماد نے ادا کئے۔ میچ کے مہمان خاص ایس ایس پی سندھ پولیس اعجاز الدین نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کلب ہاکی کے فروغ سے وابستہ ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ڈسٹرکٹ ہاکی یمپئن شپ کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ چمپئن شپ کے انعقاد پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔