پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی یقینی بنانے کیلیے مشترکہ کارروائی کا فیصلہ

251

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پلاسٹک کی تھیلیوں (پولی تھین بیگ) کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال پر پابندی یقینی بنانے کے لیے کمشنر کراچی، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مشترکہ کارروائی کریں گے۔اس بات کا فیصلہ ضلع کراچی کی حدود میں پلاسٹک شاپرز، پولی تھین بیگ کی تیاری، خرید فروخت اور استعمال کے سبب شہر کے انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے سدباب کے لیے کیا گیا ہے۔سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے باب 15 کے سیکشن (132) اور جدول ششم کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی حدود میں 15 جون کے بعد اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی مجاز ہے جبکہ اس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قرارداد کی منظوری بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب دے چکے ہیں جس کے تحت شہر میں پولی تھین بیگ کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے پولی تھین بیگز کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔