اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید ، آباد کاروں نے بچے پر گاڑی چڑھادی

345
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید لڑکے کا جنازہ لے جایا جارہا ہے‘ چھوٹی تصویر 17سالہ امجد فاید کی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی لڑکا شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے بیان کے مطابق جنین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 17 سالہ امجد فاید شہید اور ایک 18 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔حالیہ ہفتوں میں اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔ بالخصوص جنین کے پناہ گزین کیمپ میں جہاں مسلح فلسطینی گروپ سرگرم ہیں۔ رواں سال 22 مارچ سے اب تک اسرائیل کو کئی سلسلہ وار حملوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں 19 اسرائیلیوں کی ہلاکت ہوئی۔ ان کارروائیوں کے زیادہ تر حملہ آور جنین سے آئے تھے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بیتا کے مقام پر یہودی آباد کار وں نے اپنی گاڑی سڑک پر چلتے فلسطینی بچے پر چڑھا دی ، جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بچہ گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر نابلس میں یہودی بستیوں کے خلاف مظاہرے کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی قابض فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں، جس سے کئی فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔ بہت سے مظاہرین کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ یہ واقعات بیت دجان قرپوط دیہات میں نابلس کے علاقے میں پیش آئے ،جب کہ کفر قدوم میں بھی ایسا ہی تصادم ہوا۔