ایف پی سی سی آئی،ویمن بینک اورسندھ ویمن کمیشن کاسیشن

466
ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے وومن انٹرپرینور کے اجلاس میں نازلی عابد نثار رفعت ملک،سلیمان چاؤلہ ودیگر کا گروپ فوٹو

کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے وومن انٹرپرینور کمیٹی کی کنوینر، ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر نازلی عابد نثار نے کہاہے کہ خواتین کو آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ موقع دینے اور انہیں حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایف پی سی سی آئی ، سندھ کمیشن برائے خواتین اور فرسٹ وومن بینک مشترکہ طور پر کام کریں گے، اس ضمن میں خواتین کو حقوق پر آگاہی سیشن منعقد کیے جائیں گے اور خواتین کو درپیش مسائل بالخصوص کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے نیز وراثت میں انہیں جائز حق دلوانے کے لیے بھرپور معاونت کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ایف پی سی سی آئی میں وومن انٹرپرینور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میںفیڈریشن کی نائب صدررفعت ملک، نائب صدور سلیمان چاؤلہ، شبیر منشاء چھرہ، فرح صادق خان، درخشاں صالح، شاہین ضمیر، نادیہ پٹیل گانجی، حنا منصب، مہرین الہیٰ کے علاوہ خواتین تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نازلی عابد نثار کا کہنا تھاکہ خواتین کو ہر شعبے میں کاروباری مواقع ملنے چاہیے خاص طور پر زراعت، فشریز وغیرہ قابل ذکر ہیں، اندورن سندھ گھروں سے کام کرنے والی خواتین کی مہارت لاجواب ہے مگر ان کو ان کا جائز حق نہیں ملتا لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ سب کو یکساں کاروباری مواقع اور فوائد پہنچائے جائیں۔انہوں نے تجویز دی کہ فیڈریشن میں خواتین ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے جہاں 24محکموں کے نمائندے موجود ہوں تاکہ خواتین تاجروں کو ادھراُدھر نہ جانا پڑ ے۔