تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں

335

 اسلام آباد: حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے کنٹینر لگا کر ڈی چوک کو سیل کردیا گیا ہے، جب کہ دیگر صوبوں سے بھی پولیس، ایف سی اور رینجرز طلب کرلی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے بھی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے ہر پہلو سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے لانگ مارچ کے شرکاء سے سختی سے پیش آیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت نے دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور رینجرز بھی طلب کی جا رہی ہے۔ آج رات سے دیگر صوبوں سے بلائی گئی نفری پہنچنا شروع ہو جائے گی، جب کہ آپریشنل پولیس کوآج قیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان فراہم کر دیا جائے گا۔

پولیس نے لانگ مارچ کی راہ روکنے کے لیے ڈی چوک کو سیل کردیا ہے اور وہاں کنٹینر لگاکر آنے جانے کا راستہ بھی بند کردیا ہے۔