حکومت یاسین ملک کا کیس لڑنے میں مدد کرے، اہلیہ مشعال ملک

416

 اسلام آباد: معروف کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی جیل میں قید ان کے شوہر کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی گئی اور 25مئی کو انہیں یک طرفہ طور پر سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ  وزیر خارجہ بلاول زرداری ان کا کیس لڑنے میں مدد کریں، شوہر کی رہائی کے لیے سیکریٹری جنرل یو این او کو فوری خط لکھا جائے۔

یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ کل جنیوا انسانی حقوق کانفرنس میں اپیل جمع کرانے کا آخری دن ہے۔مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ بلاول زرداری یاسین ملک کا کیس لڑنے میں مدد فراہم کریں۔

انہوں نے کہاکہ  وقت بہت کم ہے کیوں کہ یاسین ملک کے وکیل راجہ طفیل کو اچانک برین ہیمریج ہوگیا ہے اور بھارتی عدالت نے 25 تاریخ کو سزا سنانے کی پوری تیاری کر لی ہے۔

کشمیری رہنما کی اہلیہ نے مزید کہا کہ بھارتی فلموں میں یاسین ملک کو ولن اور سب سے بڑا ظالم دکھایا جا رہا ہے جب کہ دوسری جانب ہماری شادی کو 13 سال ہونے کے باوجود خاندان کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔