باجوڑ میں منتخب خواتین سے زمین پر بٹھا کر حلف

466

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے امیدواروں کی حلف برداری کی تقریب بدمزگی کا شکار ہوگئی۔
بدھ کو باجوڑ کی سول کالونی کے خار جرگہ ہال میں منعقد کی گئی حلف برادری کی تقریب میں انتظامیہ کی جانب سے منتخب خواتین کو زمین پر بٹھا کر حلف لیا گیا جس کے خلاف کئی امیدواروں نے بائیکاٹ کر کے حلف نہیں اٹھایا۔
انتظامیہ کے اس عمل کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے غصے کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ حلف برداری میں 80 سے زائد نو منتخب خواتین بھی شامل تھیں جن کو ایک کمرے میں زمین پر بٹھا کر حلف لیا گیا۔
حلف برداری میں نومنتخب خواتین کو زمین پر بٹھانے اور ناقص انتظامات کی باجوڑ کے باشندوں نے مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کی جنرل سیٹ پر منتخب ہونے والی امیدوار ثنا پرویز نےبات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو خواتین کے ساتھ ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ہم خواتین پہلی بار گھروں سے نکلی تھیں اور الیکشن میں بھرپور حصہ لیا تھا۔
’پہلے ہم جرگہ ہال میں موجود تھے جہاں پر ہمیں پچھلی سیٹوں پر بٹھایا گیا تھا۔ چونکہ ہال میں مرد حضرات بھی کافی زیادہ تھے اور خواتین کے ساتھ بچے بھی آئے ہوئے تھے۔ رش کی وجہ سے ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ خواتین کی مشکلات کو دیکھ کر انتظامیہ نے کہا کہ ان سے الگ کمرے میں حلف اٹھوا لیتے ہیں۔ اس کے بعد ان کو ایک الگ کمرے میں لے گئے جہاں پر کرسیاں موجود نہیں تھیں جس کی وجہ سے خواتین نے زمین پر بیٹھ کر حلف اٹھایا۔