نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے فرار ہوگئے، شہباز شریف کو سزا ہونی چاہیے، عمران خان

299

ملتان :چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت اسمبلیاں توڑ کر جلد سے جلد انتخابات کی تاریخ دے،نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے فرار ہوگئے، شہباز شریف نے بھائی کی واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی، جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر شہباز شریف سزا ہونی چاہیے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  ڈرپوک حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے سے ڈر رہی ہے،  قومی سلامتی کمیٹی سے چیزیں مہنگی کرنے کا کہہ رہی ہے،  یہ حکومت جتنی دیر چلے گی مزید رسوا ہوگی،مریم صفدر تھوڑا خیال کرے میرانام اتنے جنون سے نہ لے کہ خاوند صفدر ناراض ہوجائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کور کمیٹی کا اجلاس اتوار کو پشاور میں بلایا ہے، 25اور29مئی کے درمیان لانگ مارچ کا فیصلہ کروں گا، شریف فیملی کے خلاف مقدمات میرے دور میں نہیں بنے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ترقی3سال میں ہوئی ان کے پورے 30سال میں نہیں ہوئی، ملک کو مقروض کرنے والے مسائل حل نہیں کر سکتے، کبھی یہ آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں، کبھی لندن میں بیٹھا سزا یافتہ شخص فیصلہ کرتا ہے۔