پنجاب میں غیر قانونی شکارکی روک تھام کیلئےکریک ڈائون جاری 

280
curb poaching

لاہور: ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب ملک ثناء اللہ خان کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات پنجاب کا صوبہ بھر میں غیرقانونی شکار کی روک تھام کیلئے مؤثر کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات سے نایاب ہرن چنکارہ ، خرگوش اورتیترکے ناجائزشکار و قبضہ میں ملوث بارہ افراد گرفتار اور چار لاکھ ستر ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور ریجن رائے زاہد علی کے مطابق بہاولپور ریجن میں مختلف کارروائیوںمیں چنکارہ ہرن کے غیرقانونی شکار اور ناجائز قبضہ تیتر کی پاداش میں سات افرادکو گرفتار کیااور چنکارہ کے شکار میں ملوث چارافراد سے مبلغ چارلاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیا۔ ایک چالان التواء میں جبکہ ناجائز قبضہ تیتر کے مقدمہ میں سات تیتر اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کے مطابق ریجن کے مختلف مقامات سے چار غیرقانونی شکاریوں کے چالانات مرتب کئے گئے اور انہیں مبلغ چالیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاگیا ۔ اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ساہیوال ریجن جام ذوالفقار علی کے مطابق میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع اوکاڑہ امانت علی انجم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بارڈر بیلٹ ایریا ہیڈ سلیمانکی حویلی لکھا تحصیل دیپالپورسے جنگلی طوطوں کے ایک شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ دس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاجبکہ رینالہ خورد میں کتوں کیساتھ جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار میں مشغول دو شکاریوں کو موقع پر گرفتار کرکے مبلغ بیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاگیا۔