چیئرمین نیب نے پوسٹنگز،ٹرانسفرز پر فوری پابندی عائد کردی 

133
immediate ban

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب )کے چئیرمین جاوید اقبال نے نیب میں پوسٹنگز اور ٹرانسفرز پر فوری طور پابندی عائد کردی ہے ۔

چئیرمین نیب کا کہنا تھا کہ حال میں کی گئیں تمام پوسٹنگز، ٹرانسفرز پر عمل درآمد بھی فوری طور پر روک دیا جائے۔چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔جمعرات کو چیف جسٹس عمر عطا بند یال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بینچ نے حکومتی شخصیات کی جانب سے تحقیقات میں مداخلت پر ازخودنوٹس کی سماعت کی تھی جبکہ نیب کو حکم دیا گیا تھا کہ تمام ہائی پروفائل مقدمات میں تبادلے اور تقرریاں روکے جائیں۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ہائی پروفائل مقدمات میں پراسیکیوشن تحقیقات برانچ کے اندر تاحکم ثانی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کی جائے گی جبکہ سپریم کورٹ نے نیب اور ایف آئی اے کو بھی تاحکم ثانی کوئی بھی مقدمہ عدالتوں سے واپس لینے سے روک دیا تھا۔