سکھر ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد

450

سکھر (نمائندہ جسارت) 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے اسکرونٹی کا عمل جاری، اسکرونٹی کے عمل کے دوران پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے نامزد کئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے عہدیداران نے ریٹرننگ افسران پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے۔ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ ریٹرننگ افسران حکومتی جماعت کی ایما پر اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ناروا سلوک اختیار رکھے ہوئے ہیں، معمولی غلطیوں کو ایشو بناکر ہمارے یوسی اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔ ضلعی صدر پی ٹی آئی ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے کہا کہ حکومتی جماعت نے ڈی آر اوز کو ہدایت دی ہے کہ سابق میئر،ڈپٹی میئر ،زیرک شاہ کے مخالفین کو تنگ کیا جائے، اسکرونٹی کے عمل کے دوران حکومتی جماعت کے امیدواروں کو وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے،اپوزیشن کا الزام لگایا کہ اپوزیشن کے امیدواروں کو گرمی میں کئی گھنٹے باہر کھڑا کرکے توہین کی جارہی ہے، پی پی اپنی ہار دیکھ کر گھبرا گئی ہے، ہمارے اُمیدواروں اور ان کے تجویز کنندہ کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ضلعی صدر پی ٹی آئی ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی پی کی بی ٹیم نا بنے،ورنہ عوامی رد عمل سامنے آئے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لے کر اپوزیشن جماعتوں کو انصاف فراہم کریں، ہم پرامن الیکشن لڑنا چاہتے ہیں،بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ساتھ لوکل سطح پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ ہے۔