باڈہ: بجلی کا 11 ہزار کنڈکٹر ٹوٹنے کے قریب ، زندگیوں کو خطرہ

283

باڈہ (جسارت نیوز) پھلپوٹہ محلہ باڈہ نصیرآباد روڈ پر بجلی کا 11 ہزار کنڈکٹر ٹوٹ کر گرنے کے قریب پہنچ گیا، محلے مکینوں اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ۔ اس سلسلے میں پھلپوٹہ محلے مکینوں دکاندار معشوق جونیجو، سماجی رہنما ڈاکٹر صاحب خان سومرو، لیاقت جونیجو، وفا غلام فرید سومرو، عبدالسمیع جونیجو اور دیگر نے کہا کہ کئی روز سے کنڈکٹر کمزور ہوکر ٹوٹنے کو آ پہنچا ہے لیکن آج تک اس کی مرمت نہیں کی گئی۔ اس کنڈکٹر کے ساتھ شہر میں زیادہ تر کنڈکٹر پاکستان بننے کے وقت سے لگے ہوئے ہیں جنہیں آج تک تبدیل نہیں کیا گیا۔ کچھ مہینے پہلے پرائمری اسکول پھلپوٹہ محلے میں بھی کنڈکٹر ٹوٹ کر گرگیا تھا معجزاتی طور پر معصوم طالب علم بچے بچیاں اور اساتذہ بچ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ باڈہ نصیرآباد روڈ وایہ کراچی کئی گاڑیاں روزانہ یہاں سے جاتی ہیں، محلے میں چھوٹے معصوم بچے ان تاروں کے نیچے کھیلتے رہتے ہیں اور شام کے وقت عبدالرحمن پھلپوٹہ جو چائے کا ہوٹل چلاتا ہے اور سیکڑوں شہری ادھر بیٹھ کر چائے پیتے ہیں جس سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے سیپکو ایکسیئن لاڑکانہ اور دیگر سیپکو ملازمین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فی الفور کنڈکٹر تبدیل کرکے قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جائیں۔