سکھر :ایم سی کالج کے پرنسپل کا طلباء پرتشدد،کالج گیٹ بند کرا دیے

242

سکھر (نمائندہ جسارت) ایم سی کالج کے پرنسپل کا طلباء پرمبینہ تشدد،طلباء سراپا احتجاج بن گئے، پرنسپل آفس کے سامنے مظاہرہ و دھرنا ،پرنسپل نے کالج کے گیٹ بند کرادیے ،پولیس کی بھاری نفری اور صحافی پہنچ گئے ،کالج کے گارڈز کی صحافیوں سے بدتمیزی 3 صحافیوں پر تشدد، سکھر کے سردار غلام محمد خان مہر میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات نے پرنسپل کی جانب سے پوائنٹ نہ ملنے کی شکایت کرنے پر طلباء کو مبینہ تشدد کے واقعہ کے خلاف کلاسز کا بائیکاٹ کر دیا اور پرنسپل آفس کے باہر جمع ہوکر پرنسپل کے رویے اور تشدد کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ طلباء و طالبات اس موقع پر وی وانٹ جسٹس کی فلک شگاف نعرے بازی کرتے رہے طلباء کے احتجاج کی اطلاع پر صحافی کالج پہنچے تو کالج انتظامیہ نے کالج کے گیٹ بند کرادیے اور گارڈز نے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور تلخ کلامی بھی کی اور 3 صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں یرغمال بنالیا طلباء کے احتجاج کی اطلاع پر اے ایس پی سٹی بھی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کالج پہنچ گئے لیکن کالج انتظامیہ نے پولیس کو بھی کالج میں داخل ہونے نہیں دیا اور بڑی دیر تک مین گیٹ پر روکے رکھا۔ کالج کے طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ طلباء نے پوائنٹ نہ ملنے پر پرنسپل کے سامنے احتجاج کیا تو پرنسپل نے بجائے شکایت کا نوٹس لینے اور اس کا ازالہ کرنے کے الٹا غلیظ زبان استعمال کی تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں دیں۔