نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے پر پی سی بی کو معاوضہ اداکردیا

219

لاہور(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو گزشتہ سال ستمبر 2021 میں اچانک دورہ ختم کرنے پر معاوضہ ادا کردیا۔ نیوزی لینڈ نے غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے دورہ پاکستان ختم کرنے پر پی سی بی کو زرتلافی ادا کر دیا، گوکہ اصل رقم ظاہر نہیں کی گئی مگر یہ کئی ملین ڈالر ہے، کیویز آئندہ برس مئی میں اضافی 10وائٹ بال میچز کیلئے بھی ٹور کریں گے۔اس میں 5ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں،بورڈ کو اس سے بھی بھاری منافع ہوگا۔ دونوں بورڈز کے تعلقات میں ماضی جیسی گرم جوشی واپس آ چکی، اسی لیے پاکستان اکتوبر میں کرائسٹ چرچ میں ٹرائنگولر سیریز میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کا ذہن بنا چکا۔ایشیا کپ کے بعد ستمبر،اکتوبر میں انگلینڈ سے 7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل ہوم سیریز کا شیڈول طے ہونے پر نیوزی لینڈ کو دورے کی تصدیق کر دی جائے گی۔یاد رہے کہ بلیک کیپس نے 17ستمبر 2021کو راولپنڈی میں پہلے ون ڈے کے آغاز سے عین قبل سیکورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے وطن روانگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈز کے روابط میں کشیدگی رونما ہوئی تھی۔بعد ازاں انگلینڈ نے بھی اپنی مرد اور خواتین ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے دستبردار ہوگئے تھے، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا نے اعلان کیا کہ وہ نیوزی لینڈ سے ہرجانہ ادا کرنے کو کہیں گے۔