پی سی بی نے شائقین کو صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کردیا

161

لاہور(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے شائقین کرکٹ کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کردیا۔پی سی بی نے شائقین کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ ڈیزائن کرنے کی پیشکش کی ہے، اس سلسلے میں مقابلے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے مقابلے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیا گیا جو 25مئی کو اختتام پذیر ہوگا یہ فیصلہ پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے ساتھ خود کو مشغول رکھنے کے لیے کیا ہے۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ شائقین کی جانب سے ڈیزائن کردہ نیا ڈیزائن 2022-2023 کے لیے کٹس پر لاگو ہوگا ۔ پی سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈیزائن کو سنگل تھیم میں بنانے کی درخواست کی گئی ہے، ہر تجویز میں زیادہ سے زیادہ دو تھیمز شامل کی جاسکتی ہیں جس میں تمام فارمیٹس کے لیے ڈیزائن کردہ کٹ کا ایک سیٹ جمع کیا جانا چاہیے۔پی سی بی نے مذکورہ اعلان کے ساتھ ہی رہنمائی پوائنٹس پر مبنی تمام دستاویزات بھی شیئر کیے، حکام نے کہا کہ کلیش کٹ کے لیے ڈیزائن ہوم کٹ کے روایتی رنگوں کے ساتھ ہی ایک اہم رنگ سے بنایا جاسکتا ہے۔