الیکشن کی تاریخ کے اعلان تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائیگا، عمران خان

3684

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک+ صباح نیوز) سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ہمیں صاف و شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی اس وقت تک عوام کا سمندر اسلام آباد سے واپس نہیں جائے گا۔جمعرات کو خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں آنے والا ہے، اس کا ہر اول دستہ ہمارے پرجوش نوجوان ہوں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد مارچ سے قبل ہونے والا ہمارا آخری جلسہ آج جمعہ کو ملتان میں ہوگا اور اس جلسے میں آپ سب کو میں وہ دن بتاؤں گا جس دن میری قوم کو اسلام آباد پہنچنا ہے۔عمران خان کے بقول ہمارا اسلام آباد پہنچنے کا مقصد ملک کے لیے حقیقی آزادی حاصل کرنا ہے۔حقیقی آزادی کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ہوتی ہے وہ آزادی جس کو ہم آزادی تو کہتے ہیں مگر اس میں ہمیں بیرونی ممالک سے احکامات دیے جاتے ہیں کہ ہم یہ کریں، یہ نہ کریں،اس آزادی میں ہمیں باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، روس سے گندم نہیں لینی۔سابق وزیراعظم کے مطابق دوسری آزادی وہ ہوتی ہے جس میں وہ ملک اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے آزادانہ فیصلے کرتا ہے، اس آزادی میں دوسرے لوگوں کے مفادات کے لیے اپنے لوگوں کو قربان نہیں کیا جاتا۔اس موقع پر پرجوش کارکنوں سے مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانو! اپنی توانائیاں بچالو، ہمیں اپنے مارچ کے دوران آپ کے جنون، جوش اور آپ کی توانائی کی ضرورت پڑے گی۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ ہماری منزل قریب ہے۔