نیازی حکومت عوام پر ایک بوجھ کے سوا کچھ نہیں تھی ‘ناصر شاہ

403

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) عمران نیازی کے آمرانہ طرز حکمرانی نے ملک کو آئینی بحران اور معاشی بدحالی سے دوچار کیا۔ اس بات کا اظہار وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جس وقت عمران نیازی کو سلیکٹڈ حکومت دلوائی گئی تھی تو ملک معاشی طور پر مستحکم تھا اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی بات تو دور ، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے منتخب کیے ہوئے ایف بی آر چیئرمین نے ملک کے دیوالیہ پن کی حالت میں پہنچنے کوتسلیم کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران حکومت معیشت سنبھالنے اور اس کو چلانے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ عمران اس بات کو بخوبی سمجھتے تھے کہ وہ عوام پر مسلط کیے گئے تھے، اس لیے غیر جمہوری اقدامات کے ذریعے آئندہ اقدار پر قابض ہونے کے سپنے دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت عوام پر ایک بوجھ کے سوا کچھ نہیں تھی اور ملک کی معاشی بدحالی کا اصل سبب عمران نیازی کی غلط حکمت عملیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنا پورا زور مخالفین کو دبانے اور جھوٹے نیب کیسز قائم کرنے میں گزارا۔