ترک باکسر مقابلے دوران زندگی کی بازی ہار گیا

291

میونخ: جرمن باکسنگ چیمپئین کے دوران ترک باکسر موسی یامک رنگ میں ہارٹ اٹیک کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ میں 38 سالہ ترک باکسر موسی یامک رنگ میں یوگنڈا کے حمزہ وینڈیرا سے باکسنگ کررہے تھے کہ میچ کے دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ موسی کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے انکی موت کی تصدیق کی۔

ترک عہدیدار حسن توران نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہم نے اپنے ہم وطن موسی اسکان یامک کو کھودیا ہے، انہوں نے حال ہی میں یورپی اور ایشیائی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ موسی کا تعلق ترکی کے شہر ایلورہ سے تھا۔فائٹ کے تیسرے راﺅنڈ میں میچ کے دوران وینڈیرا نے یامک پر مکے برسائے تھے، جس کے باعث وہ لڑکھڑا گئے تھے، میچ تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کیا جارہا تھا۔

ترک باکسر موسی یامک مسلسل آٹھ میچوں سے ناقابلِ شکست تھے، انہوں نے پروفشنل باکسنگ کا آغاز سال 2017 میں کیا تھا جبکہ 2021 میں ورلڈ باکسنگ فیڈریشن انٹرنیشنل ٹائٹل جیتنے پر شہرت ملی تھی۔