سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دے دیا

339

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کوہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر دعا زہرا کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرا کی کم عمری میں شادی اور مبینہ اغوا سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت پر نوٹس جاری کیا گیا۔

دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پرجسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی اے جی صاحب؟ بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کر رہی ہے مگر پولیس کو نہیں مل رہی۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کہاں ہے؟تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ پتے پر بچی نہیں ملی جس پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑ بڑ ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ایس ایس پی ہیومین ٹریفکنگ کانفرنس میں اسلام آباد گئے ہیں۔

دعا زہرا کی گرفتاری نہیں ہوئی۔عدالت نے ایس ایچ او الفلاح سے مکالمہ میں کہا کہ گرفتاری نہیں ہم نے بچی کو صرف بلایا ہے۔ ایس ایس پی کانفرنس اٹینڈ کر رہا ہے، عدالت کا حکم اہم نہیں؟ انسانی اسمگلنگ رک نہیں رہی اور کانفرنس ہو رہی ہیں۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں وقت دے دیا جائے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ پولیس صرف پریس کانفرنس اور دعوے کر رہی ہے۔

ایک بچی نہیں مل رہی، ویڈیو آرہی ہیں۔ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی ہے، اے جی صاحب؟عدالت نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے جی صاحب! ہمیں بچی چاہیے۔ یہ آپس میں گیم کھیل رہے ہیں۔عدالت نے سماعت 24 مئی کے لیے ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر دعا زہرا کو پیش کیا جائے۔