پنجاب حکومت کا 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان

336

لاہور: حکومت پنجاب نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آٹے کیلئے پنجاب میں کہیں لائنیں نہیں لگیں گی۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حلف نہ لینے کی بیماری ایوان صدر سے چلی اور گورنر ہاس میں ڈیرے لگا لیے، پرویز الہی کسٹوڈین آف دی ہاوس بنے بیٹھے ہیں، کسٹوڈین آف دی ہاوس نے وردی میں بھرتی غنڈوں سے حملہ کرایا، اسپیکر نے آئین کے تحت قائم مقام گورنر کا حلف اٹھانے سے انکار کیا، ڈیڑھ ماہ ہوگیا میرے پاس کوئی کابینہ نہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ صوبے کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھتا رہوں گا، عمران نیازی 4 سال عوام کیساتھ کھلواڑ کرتے رہے، عمران نیازی سیاست نہیں کر رہے، سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا رہے ہیں، عمران نیازی افراتفری اور انتشار چاہتے ہیں، آج یہ انقلاب کے نعرے لگاتے ہیں، 4 سال میں ملک کو سونامی سے تباہ کر دیا، عمران خان اداروں کو تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، عمران خان نے ملک کی ہنستی بستی معیشت کو تباہ کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ معیشت وینٹی لیٹر، سیاسی انتشار عروج پر ہے، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے اور یہ شخص فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کو 7 سال ہوگئے، اداروں سے کہنا چاہتا ہوں اس شخص پر کڑی نظر رکھیں، اگر رات 12 بجے عدالت نہ کھلتی تو ملک بنانا ری پبلک ہوتا، امریکا کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات روا رکھنا چاہتے ہیں، اس شخص نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔