پاک کوریا تجارتی حجم کو بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں ، کورین سفیر

405
پاکستان میں کوریاکے سفیرشوہ سینگ پیو کوریا۔پاکستان مشترکہ صنعتی فورم۔2022 سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کوریا کے سفیرشوہ سینگ پیو(Suh Sungpyo) نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ صنعتی وتجارتی تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کوبڑھانے کے وسیع مواقع ہیںتاہم ابھی دونوں ممالک کے درمیان محدودسطح پرتجارت ہورہی ہے جس بڑھانے کی اشدضرورت ہے یہ بات انہوں نے اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ”سمیڈا” اور پاپام کے اشتراک سے کوریا کے تجارتی و سرمایہ کاری ادارے کوٹرا کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ کوریا۔ پاکستان مشترکہ صنعتی فورم۔2022 سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مقررین نے دونوں ملکوں کے درمیان ایس ایم ای سیکٹر میں مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ کوریا کے سفیرسنگ سینگپیو مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ خصوصی مقررین میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا، کوریا کے قونصل جنرل کم ہیکسنگ اور کوٹرا کے ڈائریکٹر جنرل سنگ جے کم شامل تھے۔ فورم میں نجی شعبہ کے نمائندوں کے طور پر سجاد اے کے ترین، عثمان شیخ، ڈاکٹر نوید ارشد اور دیگر نے خطاب کیا۔ کوریا کے سیفر سنگ سینگ پائیو نے اپنے خطاب میں بتا یا کہ کوریا کی حکومت نے اپنے اکنامک ڈویلپمنٹ فنڈ میں پاکستان کے لیے آئندہ پانچ سال میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کوریا کے دوستانہ اقتصادی روابط ہیں اور اس وقت پاکستان اور کوریا کے درمیان آٹو موبائل، ٹرانسپورٹ، ہائیڈرو پاور،ا سمارٹ فونز اور کنفیکشنیری انڈسٹری میں متعدد مشترکہ منصوبے جاری و ساری ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کوریا، پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر میں مشترکہ تجارتی و سرمایہ کاری منصوبوں پر توجہ دے گا۔