پاکستان اسٹاک:71فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

323

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک بار پھر43ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیاجبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 42 ارب روپے سے زائد کاا ضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 71 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 71.01 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،ریفائنری اور فوڈز سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 42800،42900 اور 43000 پوائنٹس کی حدعبور کر گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 300.82پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 42726.06 پوائنٹس سے بڑھ کر 43026.88 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 114.00 روپے کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 16246.38 پوائنٹس سے بڑھ کر 16360.38 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29104.75 پوائنٹس سے بڑھ کر 29280.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 42 ارب 58 کروڑ 36 لاکھ 49 ہزار 740 روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔