اہم امور پر مسلسل خاموشی معیشت کی بنیادیں ہلا رہی ہے، اسلم خان

180

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اکانومی واچ کے چیئر مین برگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی مفادات کے بجائے اپنے مفادات میں فیصلے کر رہی ہے۔ن لیگ نے اپوزیشن میںرہتے ہوئے جو ساکھ بنائی تھی وہ تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔ تیل گیس اور بجلی پر سبسڈی اور آئی ایم ایف سے معاہدے پر واضح موقف اختیار کیا جائے تاکہ عوام اور سرمایہ کاروں کا اضطراب ختم کیا جا سکے اور روپے کے زوال کو بھی روکا جا سکے ورنہ پاکستان کو سری لنگا بننے سے نہیں روکا جا سکے گا۔ محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کے مشورے ختم ہونے میں نہیں آ رہے ہیں جن سے اس کی ساکھ پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اتحاد میں شامل پارٹیوں کے نظریات میں بہت فرق ہے اور اہم معاملات پر ان کے مابین اختلافات سے بھی مسائل بڑھ رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کا احتجاج سیاسی اور اقتصادی صورتحال کومزید مخدوش بنا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی پر معیشت کو برباد کرنے کا الزام عائد کر رہی ہے اور اس کے مطابق ایندھن پر سبسڈی نے معیشت کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے مگر حکومت خود بھی اس سبسڈی کو ختم کرنے کا سخت فیصلہ کرنے سے قاصر ہے جس سے ڈالر ڈبل سینچری کرتے ہوئے معیشت کا بھٹہ بٹھا رہا ہے۔