نادرا آفس شہر سے باہر منتقل کرنااذیت کاباعث بنے گا،شاہدہ اعجاز

156

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)نادرا آفس کا شہر سے 8 کلومیٹر باہر منتقل کرنا شہریوں خصوصاً خواتین کیلیے باعث اذیت ہے،شاہدہ اعجاز ۔ تفصیلات کے مطابق شاہدہ اعجاز صوبائی رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیکب آباد جس کا شمار دنیا کے شدید گرم علاقوںمیں ہوتا ہے اور جہاں لوگ بنیادی سہولیات سے ویسے ہی محروم ہیں وہاں عوام خصوصاً خواتین کے لیے نادرا آفس کا شہر سے 8 کلومیٹر دور منتقل کرنا نہ فقط ناقابل فہم عمل ہے بلکہ ایک ناقابل برداشت اذیت سے کم نہیں۔شاہدہ اعجاز نے مزید کہا کہ نادرا آفس باہر ہونے کے باعث وہاں عام عوام کے لیے پہنچنا علیٰحدہ سے ایک دشوار عمل ہے، سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولیات نہ ہونے پر مجبور عوام سے چنگ چی رکشے ڈرائیور من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں غیر معمولی رش اور آفس میں روڈ پر واقع ہونے سے سادہ لوح دیہاتیوں، شہریوں کو ہر وقت ایکسیڈنٹ کا خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ اس گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لیکر آفس کو شہر میں واپس منتقل کرنے کاجلد بندوبست کرے تاکہ سسکتے اور پسے ہوئے عوام کے دکھوں اور تکالیف کا مداوا ہو سکے۔