قنبرعلی خان ،ڈی سی کا ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے اجلاس

318

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ہیٹ اسٹروکس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ضلع قنبر شہدادکوٹ جاوید نبی کھوسو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اس مو قع پر ڈی سی جاوید نبی کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ کی سخت ہدایات و احکامات کے پیش نظر ضلع بھر کے مختلف مقامات پر ہیٹ اسٹروکس سے بچاؤ کے سلسلے میں ہنگامی اقدامات کرکے ہیٹ اسٹروکس اسٹیبلائزیشن کیمپس کا قیام فوری عمل میں لاکر سخت گرمی کے ستائے ہوئے عوام کو ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فوری تقسیم کی جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروکس سے بچاؤ کے سلسلے میں عوا م کو احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جائے ڈی سی نے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں اور علاقائی مساجد میںاعلانات کے ذریعے عوام کو اپیل کی جائے کہ ضلع بھر میں پڑنے والی سخت گرمی کے پیش نظر دوپہر بارہ بجے سے شام چار بجے تک خاص احتیاط کرکے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور ہر ممکنہ طریقے اپناکر اپنی قیمتی صحت کی حفاظت کی جائے کیونکہ ہیٹ اسٹروکس اور درجہ حرارت بڑھنے سے جسم کا اندرونی نظام متاثر ہونے لگتاہے جس سے ا کثر اوقات ہیٹ اسٹروکس زندگی کیلئے خطرے سے کم نہیں ہے انہوںنے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو حکم صادر کیا کہ ضلع بھر کی اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروکس کے خصوصی وارڈز قائم کرکے مریضوں کیلیے پانی کی بوتلیں ، جوسز اورائر کنڈیشنڈ رومز کا انتظام کرکے ادویات وافر مقدار میں رکھی جائیں تاکہ ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میںکسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔