انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے،عبدالجبار خان

221

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ فوری طورپر انتخابی اصلاحات کی جائیں اور انتخابات کرائے جائیں کیونکہ انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے اور ان کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، عمران خان کی حکومت نے ساڑھے 3 سال میں جس طرح کی تباہی مچائی ہے اس کو تمام جماعتیں مل کر ہی بہتر کرسکتی ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام کو بڑی توقعات وابستہ ہے یہ حکومت عوام کی امیدوںپر پورا اتریں گی کیونکہ اس میں موجود جماعتوں کے قائدین پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔ اب پاکستان چلانا کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں ہے اس طرح کی طرز سیاست پی ٹی آئی نے عوام میں متعارف کرایا ہے اس کے بعد سب کو مل کر اصلاحات کرنی ہوگی اور اس کے لیے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی صوبے میں مضبوط سے مضبوط جماعت بن کر ابھری ہے ۔ آنے والا وقت سندھ سمیت ملک بھر میں پیپلزپارٹی کا ہے کیونکہ ملک کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ آصف زرداری اور بلاول زرداری ہی اس ملک کو بہتر بنانے کے علاوہ عوام کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرسکتے ہیں۔