پاکستان کورونا کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، شہباز شریف

275
Chinese co-operation

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی سائنو ویک کے وفد نے ملاقات کی اور وزیرِاعظم کو ویکسینیشن مہم کے دوران سائنو ویک کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ملاقات میں کیا نگ گاﺅ ،جنرل منیجرسائنوویک ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل بزنس کیون زانگ ، وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میجر جنرل پروفیسر عامر اکرام اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کووڈ19- ویکسینیشن مہم کے دوران سائنوویک کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی گئی ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمپنی نے پاکستان میں بیماریوں کی تشخیص، بچاﺅ اور علاج میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی  پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ صحت کو معاملہ پر ایک ٹاسک فورس بنانے اور فوری کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر کام شروع کر سکے۔

ان کاکہنا تھاکہ ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کورونا کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔