جہاں  پانی کی کمی ہو وہاں پر فوج پہنچ کر خدمت کر رہی ہے، آرمی چیف

528

روالپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ جہاں  پانی کی کمی ہے اور میرے بتائے بغیر وہاں پر فوج پہنچ کر خدمت کر رہی ہے،آج کل بلوچستان میں کئی علاقوں میں  ہیضہ پھیلا ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں شہدا کی فیملیز اور غازیوں میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کوئی حادثہ ہو  توفوج بتائے بغیر وہاں پہنچ جاتی ہے،

مادر وطن پر قربان ہونےوالے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت  پیش کرتے ہیں، شہداء کے ورثاء کو یقین دلاتا ہوں کہ   آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی اس خدمت پرفخر محسوس کرتے ہیں،یہ فوج ہی ہے جو صبح سےشام تک پاکستان کے ہر چپہ میں آپ کو ملے گی، ہمیشہ کہتا ہوں اصل ہیرو ہمارے شہید ہیں،افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہم پاکستان میں آرام سے سوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان شہدا کی وجہ سے محفوظ ہے، شہیدوں کی قربانی کی وجہ سے ملک میں امن ہے۔