سیاسی عدم استحکام سے معاشی بحران میں اضافہ ہورہا ہے ، صدر کاٹی

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر سلمان اسلم نے ملک میں جاری ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی بحران میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس وقت معیشت مختلف خطرات میں گھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اورغربت میں شدید اضافہ کے سبب عام آدمی کا جینا محال ہو گیا ہے جس کے باعث معاشی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔صدر کاٹی نے کہاکہ دنیا اور دوست ممالک سے ایڈکے بجائے تجارتی بنیادوں پر تعلقات استوارکریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ملک کو اندرونی اور بیرونی سطح پر مشکل حالات کا سامنا ہے۔سلمان اسلم نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ کمی جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں پچھلے کئی روز سے مسلسل کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کے سبب غیر ملکی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے قرضوں میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔سلمان اسلم نے کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت ملکی مفاد میں باہمی مشاورت سے ملکی بقاء کو مقدم رکھتے ہوئے معاشی استحکام کے لیے مثبت اور فوری اقدامات کرے تاکہ ملک سے بے یقینی کی کیفیت کا خاتمہ ہو اور پاکستان کی معیشت کو استحکام میسر آسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت درآمدات میں کمی اور معاشی استحکام کے لیے درست فیصلے کرے تاکہ ملک جلد ترقی کی راہ پہ گامزن ہوسکے۔