ٹنڈو الہیار: 10 اضلاع میں امتحانات کے انتظامات مکمل

196

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) ناظم امتحانات حیدرآباد تعلیمی بورڈ ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے ایک بیان میں نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین برکت علی حیدری کی توجہ اور ہدایت کے مطابق 10 اضلاع حیدرآباد، ٹنڈولہیار، ماتلی، مٹیاری، بدین، ٹھٹھہ ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، جام شورو، اور دادو میں امتحانات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اس مرتبہ 270 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، ان 10 اضلاع میں قائم مراکز میں سے 10 سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ نویں میں 64774، اور دسویں میں62881، طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں ، جس کی مجموعی تعداد 127655 ہے، ان امتحانات میں 20 ویجیلنس کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، ایک مانیٹرنگ سیل بنایا گیا ہے، ایک سوشل میڈیا سیل بھی قائم کیا گیا ہے گزشتہ دنوں ڈی آئی جی حیدرآباد نے تمام سینٹرز کو نفری پہنچانے کے احکامات جاری کیے اور تمام اضلاع کے ایس ایس پیز کو ضروری ہدایات جاری کیں، تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں ، لوڈ شیڈنگ کے لیے بھی حیسکو کو لکھا گیا ہے، چیئرمین بورڈ نے تمام انٹرنلز کو پابند کیا ہے کہ کسی طالب علم کو موبائل فون لے کر سینٹر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے اور ہر طرح سے نقل کی روک تھام کی جائے۔