اسرائیلی فوج کا شہید کے جنازے پر حملہ ، 52 فلسطینی زخمی

187

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں شہید فلسطینی ولید شریف کے جنازے پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں 52 نہتے فلسطینی زخمی ہوگئے۔ امدادی ادارے ہلال احمر کے مطابق تنظیم کے طبی عملے نے52 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ہلال احمر کے مطابق قابض فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 12 فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں ان کی حالات تشویش ناک ہے۔ ان کے سر،آنکھوں اور جسم کے دوسرے حصوں پر گولیاں لگی ہیں، جب کہ چند شہری بموں اور آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے ۔ مقبوضہ بیت المقدس کے باب ساہرہ کے مقام پر کی گئی کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں میں فوٹو گرافر محمد عشو بھی شامل ہے۔ دوسری جانب الخلیل شہر میں آبادکاروں کے ہاتھوں عمارتوں اور مکانات کی فروخت کے انکشاف پر فلسطینی اتھارٹی نے تحقیقات کا اعلان کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق فلسطینی حکام نے الخلیل کے فوجی علاقے میں واقع فلسطینیوں کی رہایشی عمارت اور مکانات کو اسرائیلی آباد کاروں کو فروخت کرنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کی ہے۔ ایک ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط عمارت ہیبرون کے مشرق میں کریات اربع کی بستی کے قریب واقع ہے اور تیس سال سے ویران پڑی ہے۔