شمالی کوریا میں کورونا وائرس سے مزید 6اموات

288
شمالی کوریا میں ادویہ کی فراہمی کے لیے فوج کو تیار کیا جارہا ہے‘ کم جونگ ان فارمیسی کا دورہ کررہے ہیں

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر دارالحکومت پیانگ یانگ کے تمام طبی مراکز میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے،تاکہ ادویہ کی فراہمی بروقت ہوسکے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے صرف 6 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج کی سہولت میسر ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے محکمہ صحت کے عہدے داروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وبائی امراض کی روک تھام کے لیے ان کے اقدامات کو غلط قرار دیا ہے۔انہوں نے خاص طور پر ادویہ کی فراہمی کے لیے فارمیسی کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ اون نے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے ہنگامی اجلاسوں کی نگرانی بھی کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا نے ایک ہفتہ قبل ہی ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔اس کے بعد صورت حال بگڑنے پر دارالحکومت پیانگ یانگ میں ایمرجنسی لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیاہے۔اس سے قبل 2019ء میں دنیا بھر میں عالمی وبا کے عروج کے دوران شمالی کوریا نے اپنے ہاں کسی بھی کیس کی نفی کردی تھی۔