ہیٹ ویو کا خدشہ ، پاک ویسٹ انڈیز میچز شام میں کھیلنے جانے کا امکان

182

لاہور(نمائندہ خصوصی)سخت گرمی کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے میچز شام میں شروع کروانے کے قوی امکانات ہیں۔پی سی بی نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے تینوں ایک روزہ میچز تقریبا شام 5بجے شروع کروانے پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک بھر میں ہیٹ ویو کے باعث میچز دن میں شروع نہیں کروائے جاسکتے، عموما ڈے اینڈ نائٹ ایک روزہ میچز پاکستان وقت کے مطابق 2بجے شروع کیے جاتے ہیں، دوپہر کے وقت راولپنڈی اور ملتان میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو سے کھلاڑیوں کو بچانے کے لیے پی سی بی ڈرنکس بریک اور کولنگ کالر کے انتظامات کرے گا۔واضح رہے کہپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان 23مئی کو کیا جائیگا اور سلیکشن کے بعد انگلینڈ میں موجود کھلاڑیوں کو طلب کیا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان 23مئی کو کیا جائیگا اور منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 29 مئی یا یکم جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔اس حوالے سے پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ اس وقت قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی انگلینڈ میں کائونٹی کھیلنے کیلیے موجود ہیں، تاحال ان میں سے کسی کو پاکستان طلب نہیں کیا گیا ہے ٹیم کے انتخاب کے بعد ہی انگلینڈ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو طلب کیا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 13 جون کو نیدر لینڈ اور سری لنکا کے ٹورز کیلیے بھی ٹیموں کا اعلان کیا جائیگا۔پی سی بی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا آپشن راولپنڈی وینیو ہی ہے تاہم بیک اپ پلان میں ملتان شامل ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں پچز تیار ہورہی ہیں، اگر سیاسی صورتحال مستحکم رہتی ہے تو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز راولپنڈی میں ہو گی۔