عمران خان کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جارہا تھا، علی زیدی

281

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی جدوجہد کا آغاز ہو چکا ہے۔ ملک کوبیرونی قوتوں کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے ہمیں عمران خان کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ حکومت میں بیٹھے بیرونی قوتوں کے سہولت کاروں کو عمران خان نے قوم کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ امریکی آشیرباد پر ملنے والی حکو مت کو چلانے میں سازشی ٹولہ ناکام ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کے علاقے میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سازشی ٹولے کے ملک پر مسلط ہونے سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان کے دور میں عوام کو کتنا ریلیف فراہم کیا جارہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت سے ملک نہیں سنبھل رہا تو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے سے ثابت ہوگا کہ امپورٹڈ حکومت نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔