امیر حمزہؓ اسلام کے عظیم سپاہی تھے،شاہ عبدالحق قادری

355

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ سید الشہداء سیدنا حضرت امیر حمزہ ؓ اسلام کے عظیم سپاہی، جلیل القدر سپہ سالار، بے حد جانباز ، دلیر اور جانثار تھے، جنگ بدر میں بھی حصہ لیا اور خوب داد شجاعت دی۔غزوہ احد میں دشمنان ِ اسلام کا مقابلہ کرتے ہوئے سیدنا امیر حمزہ کی شہادت ہوئی آپ کی وفات پر حضور ختمی المرتبت نے رنج و ملال کا اظہار فرمایا۔انہوں نے یوم سید الشہداء کی مناسبت سے میمن مسجد مصلح الدین گارڈن جوڑیا بازار میں محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت حمزہ ؓ حضور نبی کریم ؐ کے چچا اور رضاعی بھائی ہیں، شجاعت و بہادری آپ کے خاص اوصاف تھے۔ قبول اسلام کے بعد دین مصطفی کی ترویج و دفاع میں پیش پیش رہتے اپنی جواں مردی و بہادری سے دین دشمنوں کے خلاف بر سر ِ پیکار رہے۔ دریں اثناء جما عت اہلسنّت کے رہنمائوں علامہ شاہ عبد الحق قادری، ڈاکٹر سید عبدالوہاب قادری، علامہ سید عبد القادر شیرازی ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گر د مذموم کارروائیوں کے ذریعے ایک بار پھر شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔