وزیراعلیٰ سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات،جی ایس پی پلس پر گفتگو

371

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے جس کی قیادت تھامس ڈیلر (Thomas Deiler)کر رہے تھے، منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں ٹیلنٹ پارٹنرشپ پروگرام(ٹی پی پی)اور جی ایس پی پلس پر تبادلہ خیال کیا۔ٹیلنٹ پارٹنرشپ پروگرام کا آغاز امیر ممالک میں غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ یورپی یونین کے ذریعے دستخط کیے جانے والے معاہدے کے تحت ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کے تبادلے کے لیے ایک فریم ورک تیار کیا جا سکے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے سرمایہ کاری قاسم نوید، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکرٹری رحیم شیخ نے شرکت کی۔ یورپی یونین کے وفد کے ارکان میں پولیٹیکل آفیسر محترمہ ڈی لارڈ ٹیلین، مسٹر ایرک ہن ای ایم ایل اواور تجارتی مشیر حسنین افتخار شامل تھے۔