نئے داخلے، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں 2ہزار درخواستیں موصول

464

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کے دینی مدارس میں تعلیمی سال2022-23ء کے نئے داخلوں کا سلسلہ جاری ہے، داخلوں کے لیے نئے طلبہ کے رجوع میں گزشتہ سالوں سے غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں پہلے چار روز مختلف شعبہ جات میں نئے داخلوں کیلیے2ہزار سے زائد نئے داخلوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ تھائی لینڈ، ملائیشیا ، امریکا، برطانیہ ، بنگلا دیش، کمبوڈیا اور افریقی اور یورپی ممالک کے سیکڑوں طلبہ کی آن لائن موصول ہونے والی درخواستیں اس کے علاوہ ہیں ،ان تمام طلبہ کو سفری دستاویزات اور کوائف کی جانچ پڑتال اور داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد داخلے دیے جائیں گے۔منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مہتمم جامعہ مفتی نعمان نعیم کی زیر صدارت مجلس تعلیمی اور انتظامی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں انتظامی اور تعلیمی حوالے سے اہم فیصلے اور نئے داخلوں کیلیے آنے والے طلبہ کے انتظام کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مفتی نعمان نعیم نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مدارس دینیہ تعلیمی ترقی کی طرف گامزن ہیں ہر سال مدارس کی طرف نئے طلبہ کا رجوع بڑھتا ہی جارہاہے ، جو مدارس کی تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظہر ہے۔ انہوںنے کہاکہ مدارس کو ماضی میں عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوششیں کی گئیں اس کے باوجود مدارس میں ہر سال نئے طلبہ میں اضافہ ہورہاہے ، طلبہ مدارس کا دینی علوم کے ساتھ عصری تعلیم کی طرف رجحان قابل تحسین ہے،جامعہ بنوریہ عالمیہ کی طرف نئے طلبہ کا رجحان اس کی سب سے بڑی وجہ ہے۔