ـ20 مئی کو واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر تاریخی دھرنا ہوگا،حافظ نعیم الرحمٰن

479
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع قائد ین سیف الدین ایڈووکیٹ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2نور گرائونڈ میں ضلع قائدین کے تحت فیملی عید ملن سے خطاب کررہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں عوام پانی کی تلاش میں مارے مارے پھررہے ہیں،وفاقی وصوبائی حکومت کوئی بھی مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں،واٹر بورڈ کی بے حسی و نااہلی کے خلاف20مئی کو واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر تاریخی دھرنا دیں گے، حکمران جواب دیں کہ کے فور منصوبہ 650ملین گیلن سے 260ملین گیلن کیسے ہوا؟ 2005ء میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے 100ملین گیلن کا K3منصوبہ مکمل کیا، 17 سال ہوگئے لیکن کسی بھی حکومت نے کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا،بدقسمتی سے حکمران جماعتیں صرف ذاتی مفاد کی باتیں کرتی ہیں کسی کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں،وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے اتوار 29مئی کو مزار قائد سے’’حقوق کراچی کارواں‘‘ نکالا جائے گا،جماعت اسلامی نے کراچی کے میئر کو بااختیار بنانے کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر 29دن کا تاریخی دھرنا دیا اور اپنے مطالبات منظور کرائے تھے، ایک مرتبہ پھر سے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی ایک ہوگئے ہیں،اگر پیپلزپارٹی نے معاہدے پرعمل درآمد میں ٹال مٹول کی کوشش کی تو ہم پھر سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور مطالبات کا ایک ایک شق منظور کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع قائدین کے تحت پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نورگراؤنڈ میں ’’فیملی عید ملن‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عید ملن میں بلدیاتی انتخابات کے لیے یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین کے امیدواروں کا اعلان بھی کیا گیا۔تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امرا ضلع نصیر اللہ حسینی،جنید مکاتی، سیکرٹری ولید احمد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی اس تحریک کا نام ہے جس کی بنیاد زبان اور فرقہ پرستی نہیں کوئی بھی کسی بھی مسلک یا فرقے سے تعلق رکھتا ہو جماعت اسلامی کی تحریک میں شامل ہوسکتا ہے، جماعت اسلامی میں منارٹی ونگ کا شعبہ بھی موجود ہے جس میں اقلیتی برادری کے افراد جماعت اسلامی سے منسلک ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی انتخابات میں کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو جھولی بھر بھر کے ووٹ دیے،کراچی سے پی ٹی آئی کے 14ایم این ایز منتخب ہوئے ہیں اس کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہیں ہوئے،کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے، اس لیے ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ورکرز کو دعوت دیتے ہیں کہ جماعت اسلامی کی حق دوکراچی تحریک میں شامل ہوجائیں اور کراچی کی تعمیر و ترقی میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات شہر کے مستقبل کے لیے نہایت ہی اہمیت کے حامل ہیں،کراچی اس وقت مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے اس لیے ضروری ہے کہ بلدیاتی امید وار ان بلا تاخیر اپنے اپنے حلقہ جات میں عوامی رابطہ مہم اورعلاقے کی سطح پر مسائل کے حل کے لیے جدوجد کو مزید تیز کریں،کارکنان حق دوکراچی تحریک کے پیغام کو گھر گھر جاکر عام کریں۔