غیر یقینی صورتحال برقرار ،ڈالر 198 کا ہوگیا ،سونا مزید 1500 روپے مہنگا ،سندھ میں گندم اور آٹے کی قیمتیں بڑھ گئیں

347

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی و معاشی افق پر غیر یقینی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے نئی شرائط نے منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ کو مزید بے قدر کیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 198روپے کا ہوگیا۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ڈالر کی انٹر بینک قیمت میں مزید 2 روپے 81 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت ایک موقع پر 196.99 روپے کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تاہم شام تک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی قدر 1.56 روپے کے اضافے سے 195.74 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 50 پیسے کا اضافہ ہوا اور قیمت 198 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 34 ڈالر کے اضافے سے 1833 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1500 روپے اور 1286 روپے کا اضافہ ہوگیا۔اس کے نتیجے فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار 100 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 18 ہزار 398 روپے کی سطح پر آگئی۔ دریں اثنا فی تولہ چاندی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ چاندی کی قیمت بڑھ کر 1570 روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں سندھ میں گندم اور آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا گیا۔ صوبے میں ہول سیل میں گندم 8 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی جس کے بعد اس کی فی کلوقیمت 67 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قمیت 3 روپے سے بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ فلور ملز نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا کردیا جس کے بعد تھیلے کی قیمت 725 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے آٹا سستا کرنے کے لیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے جس کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلا 880 روپے میں ملے گا جب کہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 490 روپے ہوگی۔