ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ نہ رک سکا، ڈبل سنچری مکمل

175

کراچی: ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، اور امریکی کرنسی کی قیمت ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

سیاسی اور معاشی افق پر غیر یقینی صورتحال، اور حکومت کی جانب سے فیصلہ سازی میں فقدان کے باعث آج بھی روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 200 روپے کا ہوگیا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.37 روپے کے اضافے سے 198.11 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 200 روپے تک پہنچ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاملات طے پانے تک روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی 22 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے جو صرف ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کے کافی ہیں۔

زرمبادلہ کے ذخائر میں تسلسل سے کمی ، درآمدی بل میں ریکارڈ اضافے جیسے عوامل کے باعث ڈالر کی طلب و رسد کا توازن بگڑگیا ہے جو اسکی قدر میں تیزی سے اضافے کا باعث بن گیا ہے۔