شمالی وزیرستان: سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 2 دہشتگرد ہلاک

298

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے ایک جھڑپ کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے میڈیا ونگ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر)نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے رات گئے صوبے کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے جانیوالے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سےتھا اور وہ دہشتگردی کے متعدد واقعات میں ملوث ہونے کی بنا پر انتہائی مطلوب تھے۔

سیکورٹی فورسز نےمارے جانیوالے دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشتگرد علاقے میں دہشتگردانہ سرگرمیاں سرانجام دینے میں ملوث تھے۔ ملک میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو ملک کے مختلف علاقوں میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 5 دہشتگرد گرفتار کیے گئےتھے۔