تحریک انصاف کو بدانتظامیوں، ناکامیوں اور کرپشن کا حساب دینا ہوگا، شیری رحمان

365
corruption

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پونے چار سال کی بدانتظامیوں، ناکامیوں اور کرپشن کا حساب دینا ہوگا، بحران خان بیانیہ کے پیچھے نہیں چھپ سکتے، ان کو ہر چیز کا جواب دینا ہوگا، تحریک انصاف آج کل مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں پر سیاست کر رہی ہے،عمران خان اور تحریک انصاف اپنی نااہلی اور بدانتظامی کی ذمہ داری ایک ماہ پہلے آنے والی حکومت پر ڈال رہے ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آج کل مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں پر سیاست کر رہی ہے، عمران خان یا تو حقائق بھول گئے ہیں یا جان بوجھ کر چھپا رہے ہیں،تحریک انصاف حکومت جب مسلط کی گئی تو پیٹرول کی قیمت 95روپے فی لیٹر تھا،عمران خان نے اپنی حکومت میں پیٹرول کی قیمتوں میں 55روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب عوام پر مسلط کئے گئے تو مہنگائی کی شرح5.2 فیصد تھی، جب ان کے بدترین دور کا اختتام ہوا اس وقت ملک میں مہنگائی کی شرح 13.4تھی، عمران خان اور تحریک انصاف اپنی نااہلی اور بدانتظامی کی ذمہ داری ایک ماہ پہلے آنے والی حکومت پر ڈال رہے ہیں، تحریک انصاف کو پونے چار سال کی بدانتظامیوں، ناکامیوں اور کرپشن کا حساب دینا ہوگا، بحران خان بیانیہ کے پیچھے نہیں چھپ سکتے، ان کو ہر چیز کا جواب دینا ہوگا۔