عمران خان معاشی تباہی کے بعد اداروں پر حملہ آور ہو گئے، واصف عابدی

442
نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے،  عمران خان 

کراچی: آرگنائزر برابری پارٹی پاکستان کراچی واصف عابدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا، اب اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اداروں پر حملہ آور ہوگئے ہیں۔ برابری پارٹی انہیں بے نقاب کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر کراچی کوآرڈینیشن کمیٹی مظہر جعفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کارنر میٹنگ میں ممبر کوراڈینیشن کمیٹی شہریار انصاری، کوآرڈینیٹر پی ایس 121 جمال الدین شیخ، ذوالفقار علی، احسن علی، احسان، افتخار اور علاقہ عمائدین سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر کراچی واصف عابدی نے کہا کہ اس وقت امیر طبقہ اپنے مفادات کے لیے ایک ہوچکا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، اب غریبوں کو بھی اپنے حقوق کی پاسداری کے لئے ایک ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے، تمام پارٹیاں اشرافیہ کی پارٹیاں ہیں جو امیر طبقے کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں۔

ایسے میں برابری پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو غریبوں کے مفاد کے لئے غریبوں کو یکجا کر رہی ہے۔ برابری پارٹی اشرافیہ کی نمائندہ پارٹیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ صدر کوراڈینیشن کمیٹی مظہر جعفر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پونے چار سالہ دور حکومت میں ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کے ریکارڈ توڑ ڈالے، لیکن حکومت سے نکلتے ہی کمال چالاکی سے امریکی سازش کا ڈھنڈورا پیٹنا شروع کر دیا، حکومت عمران خان کی سہولت کار بنی ہوئی ہے اور تاحال مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا ہے۔ اب نئے حکمران سارا ملبہ عمران خان پر ڈال کر غریبوں کا خون چوسنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندہ ہیں، جن کا مقصد ایک فیصد امیروں کی دولت کا تحفظ کرنا اور اس میں مزید اضافہ کرنا ہے۔ برابری پارٹی واحد پارٹی ہے کہ جو پاکستان کے مزدور، کسان اور عام آدمی کے حقوقِ کی بات کرتی ہے اور عام لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں میں بھیج کر پاکستان میں معاشی اور جمہوری انقلاب لانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے غریب عوام امیروں کاسہ لیسی اور چاکری چھوڑ برابری پارٹی میں شامل ہوں، تاکہ پاکستان میں ایک نئی طبقاتی جد وجہد کو منظم کیا جاسکے۔

مظہر جعفر نے کہا کہ برابری پارٹی نے الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، جو افراد برابری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، وہ جلد از جلد رابطہ کریں، تاکہ کراچی میں غریبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور انداز میں الیکشن لڑا جاسکے۔ برابری پارٹی پورے ملک میں مافیاز، اشرافیہ، سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کا بھرپور مقابلہ کرے گی اور امیروں کے سامنے عام افراد کو الیکشن میں کھڑا کرے گی۔