بھارتی ریاست آسام میں سیلاب سے ریاست کے 20 اضلاع اور 2 لاکھ افراد متاثر

1081

نئی دہلی: بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں گزشتہ چند دنوں کے دوران شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔آسام کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(اے ایس ڈی ایم اے)سے تعلق رکھنے والے حکام نے منگل کے روز بتایا کہ سیلاب سے ریاست کے 20 اضلاع اور تقریبا 2 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب نے ایک درجن سےزائد اضلاع کے 652 دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اے ایس ڈی ایم اے کےایک عہدیدار نے بتایا کہ سیلاب سے ضلع کا چار میں 2 اموات ہوئی ہیں جبکہ ضلع دیماہسا میں مٹی کے تودے گرنے کے باعث 3 اموات کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سیلابی پانی کے باعث کئی جگہوں پر رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں اس کے علاوہ فصلوں اور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اے ایس ڈی ایم اے کےمطابق 16 مقامات پر پشتے ٹوٹ گئے ہیں جبکہ کئی سڑکوں ، پلوں اور مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 16 ہزار 645 ہیکٹر سے زائد زرعی زمین کو نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے حکام دیماہسامیں لمڈنگ ۔ بدرپور سیکشن پر تباہ شدہ لائن کو بحال اور جنوبی آسام ، منی پور، تری پورہ اور میزورم کیلئے ٹرین سروس دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔