والدین کورس کی کتابیں، یونیفارم اوراسٹیشنری اسکول سے خریدنے کے پابند نہیں، پروفیسر سلمان رضا

705

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ پروفیسر سلمان رضا نے صوبہ کے تمام نجی اسکولوں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔

جس میں اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سالانہ امتحانات کے نتائج کے ساتھ یا داخلے کے وقت تمام نجی تعلیمی ادارے بچوں کو کتابوں کاپیوں اسٹیشنری، یونیفارم و غیرہ کی فہرست فراہم کریں تاکہ والدین اپنی مرضی سے ان اشیا کو خرید سکیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے والدین کو کسی مخصوص مقام یا اسکول سے ان اشیا کو خریدنے کے پابند نہیں کریں گے۔

نجی تعلیمی ادارے طلباء سے صرف اور صرف منظور شدہ فیس وصول کرنے کے پابند ہیں، مختلف ڈے منانے کے لیے مختلف ناموں سے کوئی غیر قانونی فیس وصول نہیں کریں گے۔غیر قانونی فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو مزید ہدایات جاری کیں ہے کہ وہ ڈائیریکٹریٹ سے منظور شدہ فیس اسکول کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں تاکہ والدین کو علم ہوسکے کہ انہیں کتنی ماہانہ فیس ادا کرنی ہے۔انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولز طلبا و طالبات سے ایک وقت میں صرف ایک ماہ کی فیس یعنی ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کریں۔

انہوں نے والدین کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر انہیں اسکول فیس یا کتابوں، اسٹیشنری، یونیفارم وغیرہ کی فروخت کے حوالے سے شکایات ہیں تو وہ اپنی شکایات بمع شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ڈائریکٹریٹ پرائیوئٹ انسٹی ٹیوشنز کے شکایتی مرکز میں جمع کروائیں تاکہ ان کی شکایت کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔شکایتی مرکز کا فون نمبر 7477 9921 ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو والدین اپنے بچے بذریعہ وین اسکول بھیجتے ہیں وہ اچھی طرح وین ڈرائیور کی چھان بین کرلیں تاکہ کسی بھی بچے یا بچی کے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہ آئے جبکہ اسکول انتظامیہ ڈرائیور کا ریکارڈ لیکر متعلقہ تھانہ سے تصدیق کروائے۔