بگڑتی معاشی و سیاسی صورتحال سے پاکستانی اسٹاکس اور روپے کی قدر میں کمی

323

اسلام آباد: پاکستان میں خراب ہوتی معاشی و سیاسی صورتحال سے پاکستانی اسٹاک اور روپے کی قدر میں کمی ہورہی ہے۔ حِصص اور روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال ہے۔ معاشی ماہرین کی رائے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، ادائیگیوں کے توازن کے بحران اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے قرض پروگرام کی بحالی پر غیریقینی صورتحال ہے، جس سے بین الاقوامی توازن بہتر ہوسکتا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کے لیے حکومت کو شرائط کے تحت پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی پر دی گئی سبسڈی ختم کرنا ہوگی تاہم وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو مفتاح اسماعیل نے اتوار کو بتایا تھا کہ ” پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حکومت فی الحال اضافہ نہیں کررہی ہے”۔پاکستانی روپیہ مسلسل گرواٹ کا شکار ہے اور یہ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 194 روپے کی کم ترسطح تک پہنچ چکا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق جمعہ کو یہ 192 روپے 53 پیسے پر بند ہوا تھا تاہم نئے ہفتے کے شروع میں یہ 1 روپے 70 پیسے اضافے سے 194 روپے 23 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔اسی طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس جمعے کے 43486.46 پوائنٹس کے مقابلے میں 1.88 فیصد یا 819.14پوائنٹس گر کر 42667.32 پر بند ہوا۔