جرمن چانسلر کی پارٹی کو نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں شکست

275

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن چانسلر اولاف شولس کی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو صوبائی انتخابات میں شکست اٹھانی پڑگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جرمنی کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین ( سی ڈی یو) جرمنی کی سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں انتخابات جیت گئی ۔ ابتدائی نتائج کے مطابق سابق چانسلر انجیلا مرکل کی پارٹی کو کل 35.7 فیصد ووٹ ملے ،جب کہ سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹ پارٹی (ایس پی ڈی) کو 27 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ ماحول دوست سیاسی جماعت گرین پارٹی کو 18.1 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ گرین پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد بنائے گی، جو ماحول دوست پالیسیاں بنانے میں مدد گار ہو گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جرمن چانسلر اولاف شولس کی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مقبولیت میں کمی آرہی ہے۔ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ایک کروڑ 30لاکھ رجسٹرڈووٹر ہیں۔گزشتہ برس انجیلا مرکل کے جانے کے بعد اولاف شولس نے عہدہ سنبھالا تھا۔ انجیلا مرکل 16برس تک جرمنی کی چانسلر رہیں اور انہیں عوام میں خوب پزیرائی حاصل تھی۔ تاہم مہاجرین کے حوالے سے ان کی پالیسی پر شدت پسند شہری سخت نالاں تھے او ر ان کے دور میں جرمنی میں مہاجرین اور تارکین وطن پر حملوں میں اضافہ ہوا۔