حکومت کا سستا آٹا اورچینی عوام کے ساتھ مذاق ہے ،ذکراللہ مجاہد

289

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت کا سستا آٹا اورچینی عوام کے ساتھ مذاق ہے ،سستے آٹے اور چینی کا اعلان ریت کی دیوار ثابت ہورہا ہے۔ شہری بازاروں،مارکیٹیوں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر سستے آٹا اور چینی آئل کی تلاش میں خوار ہورہے ہیں جبکہ آٹا، چینی بدستور حکومتی ریٹ پر غائب ہے اور گھی،آئل، چاول، چنے ، دالوں سمیت دیگر اشیا کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جو غریب آدمی کی دووقت کی مشکل سے پوری ہونے والی دال روٹی چھینے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی و سماجی وفود سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ قرضوں کی معیشت نے ملک کے معاشی نظام کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ حکومت آئی ایم ایف اور سودی معیشت سے چھٹکارے کا روڈ میپ دے۔وفاقی شریعت عدالت کا سود کے خاتمے کا فیصلہ 22 کروڑ عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں 40فیصد افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، 9کروڑ افراد کی ماہانہ آمدنی 15ہزار روپے سے بھی کم ہے۔ حکمران بتائیں ایک شخص موجودہ مہنگائی کے دور میں کس طرح گھر چلائے؟ امیر لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بیانہ سچ ثابت ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ن لیگ عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں۔ ڈالر اور مہنگائی روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے ہیں، اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے اور حکمران الزام تراشی کی سیاست اور جھوٹے نعروں، دعوؤں سے قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام جھوٹے وعدے اور دعوے کرنے والوں کا احتساب کر یں گے۔قوم کواپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہو گی اور جماعت اسلامی کی امانت و دیانت والی قیادت کا ساتھ دینا ہو گا۔ ہم حقیقی معنوں میں معتدل اور متوازن معاشرہ کا قیام چاہتے ہیں جس میں قرآن و سنت کی برکت سے ہر شہری کو جائز حقوق دستیاب ہوں۔