عوام کو بہر صورت سستا آٹا فراہم کریں گے ، شہباز شریف

459
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف موسمیاتی تبدیلی اور ہیٹ ویو سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد/کراچی (اے پی پی+آن لائن +صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو کسی مشکل میں نہیں ڈالاجاسکتا ، بہرصورت کم قیمت پر آٹافراہم کریں گے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، مریم اورنگزیب، متعلقہ ڈویژنز اور محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم نے صوبوں کی طرف سے گندم کی خریداری کے اہداف پورے نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے یکم جون تک گندم کی خریداری کے اہداف حاصل کریں،وفاقی وزیرخوراک باہر سے درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کریں،سستی ترین اور بہترین معیار کی گندم درآمد کو یقینی بنایا جائے،تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی 10کلو قیمت 490روپے برقرار رکھی جائے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی باقی صوبے اسی قیمت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہوکر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کی بھی ہر ممکن مدد کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کا ایک ایک پیسہ بچانا بطور حکومت ہمارا فرض ہے، ملک میں وافر مقدار کی گندم موجود ہے تاہم صوبے ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات لیں۔شہبازشریف نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت اولین فریضہ ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم نے ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پرصدر فاریکس ایسوسی ایشن اور چیئرمین ایکسچینج کمپنیزملک محمدبوستان سے رابطہ کرکے تشویش کا اظہارکیااور اس کی وجوہات پوچھیں۔ ملک بوستان نے وزیراعظم کوبتایا کہ ڈالر بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ تجارتی خسارہ، آئی ایم ایف نے پاکستان کو جو ایک ارب ڈالر کا قرضہ دینا تھا اْس میں تاخیر کی وجہ، سیاسی عدم استحکام، بے تحاشا لیے ہوئے قرضے ہیں جو کہ ایک سال میں ادا کرنے ہیں، جب تک انٹر بینک میں ڈالر کا ریٹ کم نہیں ہوگا اْس وقت تک فری مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ کم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی عدم استحکام اور 20 مئی کو اسلام آباد دھرنے کے اعلان کے بعد مارکیٹ عدم استحکام سے دوچار ہے،اس وقت ایکسچینج کمپنیاں ریٹ نہیں بڑھا رہیں،کمرشل بینک انٹر بینک میں بڑھا رہے ہیں اسی وجہ سے پورا ملک افواہوں کی لپیٹ میں ہے۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا۔اس دوران شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے ۔وزیر اعظم نے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے چین کی حکومت اور عوام سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جس میں 3چینی اسکالرز کی جانیں گئیں۔وزیراعظم نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو پکڑنے اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔اس موقع پر چینی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہے۔