سارے مجھے ہرانے کیلیے اکھٹے ہوگئے ، سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا ، عمران خان

9184
صوابی:پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان عوام کے جم غفیر سے خطاب کررہے ہیں

صوابی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں، یاد رکھوغلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، امپورٹڈ حکومت امریکی سازش کے تحت مسلط کی گئی، کسی صورت امریکا کے غلام، چوروں، ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرنا،اوپر بیٹھے ہوئے جانوروں سے بھی گرے ہوئے لوگ ہیں۔عمران خان نے کہ زرداری، شریفوں نے 10 سال حکومت کی، 10سال ڈیزل ان کے ساتھ فٹ ہوا تھا، تھری اسٹوجز نے 10 سال حکومت کی تو 400 ڈرون حملے ہوئے، زرداری اور گیدڑنوازشریف نے ایک باربھی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان 2خاندانوں کواس لیے مسلط کیا گیا ان میں جرات نہیں ہے، دونوں خاندان پیسے کی پوجا کرتے ہیں، یہ کبھی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، یہ کبھی اپنے آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے اس لیے مسلط کیا گیا، ان کوپتا تھا عمران کبھی فوجی اڈے نہیں دے گا۔ ان کوپتا ہے عمران خان کا جینا مرنا پاکستان ہے، اس لیے یہ سازش کی گئی۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہی ہے،اس کے ساتھ وہی ہورہا ہے جو ایم کیوایم نے کراچی پولیس کے ساتھ کیا ،ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔میں بتاؤں گا وہ کونسا زہر ہے جو کھانے میں ملاؤ تو ہارٹ اٹیک ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جاپان پرایٹم بم گرا لیکن اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے لیکن پھربھی قوم تگڑی ہے، جب قوم کی اخلاقیات ختم کردی جائے توقوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے، 60 فیصد کابینہ کے لوگ ضمانتوں پر ہے، کرائم منسٹراوران کے بیٹوں کے خلاف 24 ارب کے کیسز ہیں، کرائم منسٹر کا بھائی مفرور، چور، ڈاکو اور جھوٹا ہے، مفرور کی بیٹی سزا یافتہ اس کو رینجرز کا پروٹوکول مل رہا ہے، جب ایسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھادیا جائے توملک کی اخلاقیات تباہ ہوجاتی ہیں۔مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈیزل خود کو بڑا اسلام کا ٹھیکے دارسمجھتا تھا، میں سمجھا تھا ڈیزل تعلیم کی وزارت لے گا لیکن اس نے کمیشن بنانے والی وزارت کولیا۔ سابق وزیراعظم کے بقول خیبر پختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ یہاں سے صرف ایک لوٹا نکلا، کل میں فیصل آباد کے لوگوں سے گلہ کیا کہ سب سے زیادہ لوٹے وہاں سے نکلیں، وہاں کے لوگوں نے وعدہ کیا ہے آئندہ الیکشن میں کوئی لوٹا وہاں سے کامیاب نہیں ہوگا، سارے پاکستان کو پتا ہے لوٹا کون ہے، ساری دنیا کے سامنے وہ لوٹے ہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کو بچانے کے لیے نکتے ڈھونڈ رہا ہے، اگر یہ لوٹے الیکشن کمیشن سے بچ بھی گئے تو پاکستان کے عوام سے نہیں بچیں گے۔